کولکتہ،4/جنوری(ایس او نیوز/یو این آئی) وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے وزیرا عظم مودی کی آج سخت تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا آپ ہندوستان کے وزیر اعظم ہیں یا پھر پاکستان کے سفیر؟ سلی گوڑی میں شہریت ترمیمی ایکٹ مخالف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑا ملک ہے جس کے پاس ایک مضبوط اور مستحکم کلچر اور روایات ہیں مگر مودی مسلسل ہمارے ملک کا پاکستان سے موازنہ کرتے ہیں -ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ مودی جی یہ بتائیں کہ کیا آپ ہندوستان کے وزیراعظم ہیں یا پھر پاکستان کے سفیر؟ ہر ایک معاملے کو پاکستان سے کیوں جوڑ دیتے ہیں -خیال رہے کہ جمعرات کو وزیرا عظم مودی نے اپنی ریلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں شہریت ترمیمی ایکٹ کی مخالفت کرکے پاکستان کے کاذ کی حمایت کررہی ہیں -جب کہ یہ قانون پاکستان میں ستائے گئے مظلومو ں کو شہریت دلانے والاقانون ہے -ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیرا عظم نے ہندوستان کو فراموش کردیا ہے کیا ہندوستان کو پاکستان سے متعلق بات چیت کرنے کی ضرورت ہے -ممتا بنرجی شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کی مخالفت کرنے والے لیڈروں میں سب سے آگے ہیں -وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ بہت ہی شرمناک بات ہے کہ ہندوستان کے شہریوں کو70سال بعد اپنی شہریت کو ثابت کرنا پڑرہا ہے-ممتا بنرجی نے کہا کہ لوگوں کو روزگار، ملک میں غذائی قلت سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ جیسے مسائل پر بات کرنے کے بجائے پاکستان بھیجنے کی بات ہورہی ہے -اس سے زیادہ شرمناک بات کیا اور ہوسکتی ہے -بی جے پی شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی پر کنفیوزن پھیلانے کی کوشش کررہی ہے -ممتا بنرجی نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ ان کی حکومت آنے کے بعد نہ این آر سی پر کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی شہریت ترمیمی ایکٹ پر بات چیت ہورہی ہے -دوسری طرف وزیر داخلہ ہیں جو ملک بھر میں این آر سی نافذ کرنے کی بات کررہے ہیں -